بیندور 27 مارچ (ایس او نیوز) یہاں تعلقہ کے ناگور نیشل ہائی وے پر ہوئی بس اور آئیل ٹینکر کے درمیان بھیانک ٹکر میں ٹینکر ڈرائیور ہلاک ہوگیا، جبکہ بس پر سوار 20 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے، زخمیوں میں بس ڈرائیور بھی شامل ہے۔ زخمیوں میں تین کی حالت نازک بتائی گئی ہے جنہیں کنداپور اسپتال سے ابتدائی طبی امداد کے بعد منی پال لے جایا گیا ہے۔
اطلاع کے مطابق پرائیویٹ بس کنداپور سے بھٹکل کی طرف جارہی تھی جبکہ آئیل ٹینکر مخالف سمت سے آرہی تھی، ناگور کے انجنیا مندر کے سامنے نیشنل ہائی وے 66 پر پیر کی شام کو تیز رفتاری کے ساتھ دونوں سواریاں ٹکراگئیں۔ ٹکر کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ٹکر لگتے ہی ٹینکر بس کے اندر ایسے گھس گئی کہ بس کا بایاں یعنی ڈرائیور والی سیٹ سے لے کر بس کے پچھلے والا پوراحصہ تباہ و برباد ہوگیا ، جبکہ ٹینکر کا اگلا حصہ بہت بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیا۔
بتایا گیا ہے کہ آئیل ٹینکر ہبلی سے مینگلور کی طرف جارہی تھی۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بس اور ٹینکر کی ٹکر ہوتے ہی قریب سے گذرنے والی ایک بائک بھی حادثے کی زد میں آگئی ، البتہ بائک سوار کو زیادہ چوٹ نہیں آئی۔
حادثے میں شدید طور پر زخمی ٹینکر ڈرائیور کو فوری طور پر کنداپور اسپتال لے جایا جارہا تھا، مگر وہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ ڈرائیور کی شناخت شموگہ کے رہنے والے نارائن آچار (40) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ کچھ عرصہ سے اُڈپی میں مقیم تھا۔
تین شدید زخمی مسافروں کو چھوڑ کر بس کے دیگر زخمی مسافروں کو کنداپور اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
حادثے کے فوری بعد قریب ایک گھنٹے تک نیشنل ہائی وے بلاک ہوگیا تھا، مگر بعد میں پولس نے دونوں سواریوں کو الگ کرکے ہائی وے کو سواریوں کے لئے کھول دیا۔
بیندور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔